اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام نے ایک بار پھر سری نگر کی تاریخی جامع مسجد اور عیدگاہ میں عید الفطر کی نماز کی ادائیگی کی اجازت دینے سے انکار کیا ۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل لیلتہ القدر کی مقدس رات میں نمازیوں کو جامع مسجد میں جمع ہونے سے بھی روک دیا گیا، بھارتی حکام گزشتہ کئی سالوں سے سری نگر میں اسی طرح کی پابندیاں نافذ کرتے آرہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی مذہبی آزادی کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے اور عام لوگوں کو خصوصی مذہبی مواقع پر جمع ہونے سے روکا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے آزادی سے اپنے مذہب پر عمل کرنے اور پرامن اسمبلی کے حقوق کا احترام کیا جانا چاہئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580305