اسلام آباد۔4مئی (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہےکہ پہلگام واقعے کے بعد قوم بھارت کے فالس فلیگ آپریشن کے خلاف متحدہوگئی ہے۔اتوار کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تمام سیاسی جماعتوں کو آگاہ کرنے کے لیے اہم قومی سلامتی بریفنگ ہوئی۔ تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنا موقف واضح کرتے ہوئے شرکت نہ کرنے کا انتخاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس میٹنگ کی اہمیت کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جا سکتا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے آنے والے ان پٹ ہمارے آئندہ اقدامات کی رہنمائی کریں گے۔انہوں نے قومی سلامتی کے معاملات کو سابق چیئرمین کی رہائی سے جوڑنے پر پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ قومی مسائل پر ذاتی مفادات کو ترجیح دینا پی ٹی آئی کا طویل عرصے سے رویہ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ بحران کا واحد قابل عمل حل ایک آزاد بین الاقوامی تحقیقات ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم جعفر ایکسپریس حملے کے شواہد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے آئندہ اجلاس میں پیش کریں گے۔خواجہ آصف نے کہا کہ ہم ٹیکنالوجی یا فرنٹ لائن ڈیفنس کے معاملے میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592467