اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی): بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ کے موقع پرکل جماعتی حریت کانفرنس کی کال پر اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔مظاہرین میں اوورسیز کشمیری، حریت رہنمائوں سمیت سیاسی سماجی شہریوں نے شرکت کی۔مظاہرین ہاتھوں میں سیاہ جھنڈے اٹھائے بھارتی سرکار کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کررہے تھے۔
اس موقع پر حریت رہنمائوں نے کہا کہ بھارت نام نہاد یوم جمہوریہ کے نام پر اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں شہریوں کا قتل عام کررہا ہے۔دنیا بھر میں مقیم کشمیری بھارت کا دہشت گرد چہرہ بے نقاب کررہے ہیں،بھارت نے اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق سلب کررکھے ہیں، بھارت کیسا جمہوری ملک ہے جس میں کشمیریوں سے جینے کا حق چھین لیا گیا ہے۔