بھاری مقدار میں مردہ مرغیاں برآمد، 3 ملزمان گرفتار

198
مردہ مرغیاں

پشاور۔ 02 ستمبر (اے پی پی):محکمہ خوراک نے مردہ مرغیوں کو شہر بھر میں سپلائی کرنے والے 3 سپلائرز ملزمان کو گرفتار کر کے جیل منتقل کردیا۔ اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح خان اور کمال احمد نے شامی روڈ پر سپیر سنگ مارکیٹ نزد گورنمنٹ پریس میں کارروائی کے دوران ڈاٹسن سے 410 مردہ مرغیاں برآمد کرلیں جس کے نتیجے میں تینوں سپلائرز کو گرفتار کر کے جیل منتقل کردیا گیا۔

سپلائرز کی جانب سے ڈاٹسن میں زندہ اور مردہ مرغیاں رکھی گئی تھیں جس کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔ محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام اور ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد نے کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ سپلائرز کی جانب سے مردہ مرغیوں کو شادی ہالز اور ہوٹلز جبکہ بعض اوقات شوارما اور برگر پوائنٹس پر بھی سپلائی کیا جاتا ہے۔

راشننگ فوڈ کنٹرولر جمشید آفریدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو معیاری و صاف ستھری اشیائے خوردونوش کی فراہمی محکمہ خوراک کی اولین ترجیح ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ مرتکب افراد کے خلاف فوڈ ایکٹ کے تحت سخت سے سخت قانونی کارروائی کرنے سمیت جیل بھیجا جائے گا۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کریں تاکہ شہریوں کو معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی ممکن ہوں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی صحت سے کھیلنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا۔