حیدرآباد۔ 07 جولائی (اے پی پی):بھٹائی نگر پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں گھوڑا گراؤنڈ کے قریب ہاؤس رابری کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی جبکہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد بین الصوبائی ڈکیت گروہ کا ایک اہم رکن گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بھٹائی نگر پولیس پیٹرولنگ پر مامور تھی کہ دوران گشت گھوڑا گراؤنڈ کے قریب تین مشتبہ افراد کو مشکوک حالت میں گھومتے ہوئے دیکھا گیا۔ پولیس کی جانب سے روکنے پر مشتبہ افراد نے فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ کی گئی۔
فائرنگ کے اس تبادلے کے بعد ایک ملزم اسماعیل ولد شکور اوڈھ کو اسلحہ سمیت زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزم کا تعلق ایک بین الصوبائی ہاؤس رابری گروہ سے ہے، جو سندھ اور پنجاب میں متعدد وارداتوں میں مطلوب ہے۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں 15 سے زائد مقدمات درج ہیں
جن میں وہ چالان شدہ اور بعض مقدمات میں اشتہاری و روپوش رہا ہے۔ بھٹائی نگر پولیس نے دیگر اضلاع سے بھی ملزم کا کرمنل ریکارڈ طلب کر لیا ہے جبکہ گرفتار ملزم کے مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔