بھکر۔ 27 اگست (اے پی پی):ایچ پی وی ویکسینیشن پروگرام کے تحت ضلع کونسل بھکر میں ایک اہم سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینارکی صدارت سی ای او محکمہ صحت و آبادی ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ نے کی۔سیمینار میں سپیشل انویسٹیگیشن افسر شوکت،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر احسان اللہ خان، محکمہ صحت کے افسران،ماہرینِ صحت اور مختلف این جی اوز کے نمائندگان نے شرکت کی۔
سیمینار کا مقصد شرکاء کو ہیومن پیپیلوما وائرس (HPV) ویکسین کی اہمیت،افادیت اور اس کے حفاظتی پہلوؤں سے آگاہ کرنا تھا۔اس موقع پر ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9 سال سے 14 سال کی عمر کی بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین کی بروقت فراہمی نہ صرف ان کی صحت کی ضامن ہے بلکہ یہ اقدام آئندہ نسلوں کو مہلک بیماریوں خصوصاً خواتین کو کینسر جیسی موذی مرض سے محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ سکولوں،مراکزِ صحت اور کمیونٹی سطح پر ویکسینیشن مہم کو بھرپور انداز میں کامیاب بنایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ بچیوں کی زندگیوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔اس ضمن میں تربیت یافتہ خواتین عملہ ویکسینیشن کے فرائض سرانجام دے گا تاکہ معاشرتی اور ثقافتی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے مہم کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔سیمینار کے دوران ماہرینِ صحت نے شرکاء کو بتایا کہ مذکورہ مہم 15 سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی 12روزہ ( بارہ ) ویکسین راؤنڈ کے دوران 123296 کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایچ پی وی ویکسین مکمل طورُ پر محفوظ ہے۔