بھکر۔ 30 اپریل (اے پی پی):ضلع میں شدید بارشوں کے باعث مکانات کی چھتیں گرنے والے181 مستحق افراد کے تین سال سے زائد عرصے سے زیر التواءچیکس جاری کردئیے گئے۔اس سلسلہ میں چیکس تقسیم کرنے کی خصوصی تقریب ضلع کونسل ہال میں ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمان خصوصی ایم پی اے عامر عنایت خان شہانی تھے۔
اس موقع پر اے ڈی سی جی عباس رضا ناصر بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے عامر عنایت خان شہانی نے کہا کہ تین سال کے زائد عرصے سے زیر التواء چیکس کی مستحقین تک فراہمی یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی خصوصی کاوشیں قابل ذکر ہیں جنہوں نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے حقداروں کو ان کےحق کی رسائی یقینی بنائی ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمارے ملک کو قدرتی آفات سے محفوظ رکھے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے بھی خطاب کیا اور مستحقین کو مالی امداد کے چیکس کی فراہمی کیلئے ایم پی اے عامر عنایت خان شہانی کی کوششوں کو سراہا۔ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ایم پی اے عامر عنایت خان شہانی اور اے ڈی سی جی عباس رضا ناصر کے ہمراہ 50ہزار فی کس کے حساب سے 90لاکھ 50 ہزار مالیت کے امدادی چیکس ضلع بھر کے مستحقین میں تقسیم کئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590354