بھکر،چیئر پرسن وزیراعلی پنجاب سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹریٹ نےڈی ایچ کیو کا تفصیلی دورہ کیا

98
Chairperson Chief Minister Punjab
Chairperson Chief Minister Punjab

بھکر۔ 28 جنوری (اے پی پی):چئیرپرسن وزیر اعلیٰ پنجاب سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین ستارہ امتیاز (ملٹری) نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر ندیم رضا ملک بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

دورے کے دوران بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے مریضوں کی عیادت کی اور ان سے ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو ہدایات دیں کہ مریضوں کو اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے ہسپتال کی فارمیسی، ایمرجنسی، ڈائیلاسز، پیڈز، اور دیگر وارڈز کا معائنہ کیا اور متعلقہ عملے سے علاج کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلات معلوم کیں۔

بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے مریضوں کے عزیز و اقارب سے ہسپتال میں ادویات کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ایمرجنسی وارڈ میں سو فیصد ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ڈائیلاسز وارڈ میں موجود مریضوں کی تیمارداری کی اور وارڈ کے ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ان کے علاج میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ نہ آنے دیں۔

اس موقع پر انہوں نے اسٹاف کے تنخواہوں سے متعلق مسائل بھی سنے اور یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔