بھکر،ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات کے حوالے سے خصوصی اجلاس

95
Deputy Commissioner Muhammad Ashraf
Deputy Commissioner Muhammad Ashraf

بھکر۔ 25 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات کے حوالہ سے ویکسنیٹرز کی ماہانہ کارکردگی کے جائزہ کیلئے خصوصی اجلاس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں منعقد ہوا۔اجلاس میں اے ڈی سی جی عباس رضا ناصر ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ ،ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر احسان اللہ خان سمیت دیگر ہیلتھ سے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ نے ضلع میں توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات کے حوالہ سے ویکسنیٹرز کی کارکردگی بارے بریفنگ میں بتایا کہ ضلع میں مذکور پروگرام کے تحت بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات لگانے کے مقررہ اہداف کی سو فیصد تکمیل کو یقینی بنایا گیا ہے پروگرام کے تحت بارہ مہلک بیماریوں سے بچاؤ کیلئے بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات لگائے گئے ہیں اور تمام انڈیکٹرز میں سو فیصد اہداف حاصل کئے گئے ہیں۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے گفتگو کرتے ہوئے ہیلتھ انتظامیہ اور انکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور اسے تسلی بخش قرار دیا ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے حفاظتی ٹیکہ جات کو بچوں کی صحت کا محافظ قرار دیتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ ہیلتھ انتظامیہ حفاظتی ٹیکہ جات کے مقررہ اہداف کے سو فیصد حصول کے تسلسل کو یونہی برقرار رکھے، تاکہ چھوٹے بچوں کو مہلک امراض سے محفوظ بنایا جاسکے۔

بعدازاں ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے مختلف وارڈز کا بھی تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں کی تیمارداری کرتے ہوئے ان سے ہسپتال میں فراہم کردہ سہولیات بارے دریافت کیا ۔ڈپٹی کمشنر نے وارڈز میں صفائی ستھرائی کی صورت حال کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی علاؤہ ازیں انہوں نے ڈیوٹی روسٹر کیمطابق حاضری چیک کی اور ادویات کے ریکارڈ اور فراہمی کے عمل کا بھی جائزہ لیا ۔