بھکر۔۔۔۔ 07 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا ہے کہ الحمدللہ ضلع بھر میں عشرہ محرم الحرام باخیر وعافیت اختتام پذیر ہوگیا ہے اس دوران مثالی ہم آہنگی ،اخوت وبھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنے پر تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام،ضلع کے منتخب عوامی نمائندگان،ممبران ضلعی امن کمیٹی،منتظمین جلوس و مجالس عزا،انجمن تاجران،میڈیا نمائندگان اور سول سوسائٹی کے تمام افراد کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں، جنہوں نے حسب سابق امن و امان کی روایات کو قائم رکھا اور محرم الحرام میں امن پسندی کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور معاون کردار ادا کیا ۔
جس سے ضلع میں اتحاد بین المسلمین کا عملی نمونہ دیکھنے کو ملا ہے۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے محرم الحرام کے دوران عمدہ فرائض کی انجام دہی پر ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران،ریسکیو1122،ایم سیز،ضلع کونسل،پولیس،قانون نافذ کرنے والے ادارے،واپڈا،سول ڈیفنس،سرگودہا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سمیت دیگر انتظامی محکموں کے سربراہان و اہلکاران کو بھی خصوصی طور پر شاباش دی۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ضلع میں محرم الحرام کے دوران قیام امن کیلئے پاک فوج اور رینجرز کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا ۔