بھکر۔ 30 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر سی ای او صحت و آبادی ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ، ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر احسان اللہ خان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مجالس و جلوسوں میں طبی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے ڈی ایچ کیو اور تحصیل سطح پر قائم تمام ہسپتالوں میں ایمبولینس، ادویات ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری یقینی بنانے کی خصوصی تاکید کی۔اجلاس میں ضلعی محکمہ صحت کی فیلڈ ٹیموں کی نگرانی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے حوالہ سے ڈپٹی کمشنر کو جامع پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ہیلتھ افسران کو دیگر معاون اداروں سے قریبی رابطہ استوار رکھنے کی ضرورت پرزور دیا۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کا ہرگز مظاہرہ نہ کیا جائے ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے تحفظ اورصحت عامہ کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ پوری طرح متحرک اور چوکنا ہے۔