بھکر۔ 18 اپریل (اے پی پی):پولیو سے بچاؤ کیلئے پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو حفاظتی ویکسین کے قطرے پلوانا والدین کی قومی اور بنیادی ذمہ داری ہے تاکہ نونہالان قوم کا مستقبل محفوظ بناکر انہیں صحت مندانہ زندگی گزارنے کے مواقع میسر کئے جاسکیں۔یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں پانچ روزہ پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ,ایم ایس ڈاکٹر احسان اللہ خان سمیت دیگر متعلقہ ہیلتھ افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر کو دی جانیوالی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیو راؤنڈ کیلئے محکمہ ہیلتھ کی ٹیموں نے پلان مر تب کر لیا ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے گفتگو کرتے ہوئے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچہ کو پولیو سے بچاؤ کیلئے حفاظتی ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں اور پولیو مہم کیلئے ڈیوٹی پر مامور محکمہ صحت کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ کوئی بھی بچہ ویکسی نیشن کے عمل سے محروم نہ رہ جائے۔
علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کرتے ہوئے طبی سہولیات کی فراہمی اور انتظامی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ہسپتال انتظامیہ کو خصوصی تاکید کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584157