بھکر ،ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کااجلاس

99
Deputy Commissioner Muhammad Ashraf
Deputy Commissioner Muhammad Ashraf

بھکر ۔ 23 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں 26مئی سے شروع ہونے والے راؤنڈ کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ۔اس موقع پرڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کی جانب سے راؤنڈ کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مہم کے دوران محکمہ صحت کی ٹیمیں بھرپور محنت سے اپنے فرائض انجام دیں گی۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ پولیس کو ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے تاکہ انہیں کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔مہم کے دوران ضلع بھر میں 365,862 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہےجس کے لیے 1,500 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ تحصیلوں کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو واچ کریں گےاور کسی بھی ریفیوزل کیس کی صورت میں فی الفور متعلقہ افراد کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے مزید ہدایات جاری کیں کہ راؤنڈ کے دوران گرمی سے بچاؤ کیلئے ہیلتھ ٹیموں کیلئے ٹھنڈے پینے کے پانی کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے محکمہ ہیلتھ کے افسران خصوصی انتظامات کریں۔ علاوہ ازیں پولیو ٹیمیں ہیٹ ویو سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں۔