بھکر۔ 27 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت عید الضحیٰ اور محرم الحرام کے سلسلہ میں انتظامات کے جائزہ کیلئے خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں اے ڈی سی جی عباس رضا ناصر ،اسسٹنٹ کمشنرز مہتاب احمد خان ،ملک اشرف،ظہیر الدین بابر،حمزہ ندیم سمیت سی ای او صحت و آبادی ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ،سی اوز ایم سیز اور ضلع کونسل،لائیوسٹاک،ریسکیو 1122کے ایمرجنسی آفیسر سمیت دیگر متعلقہ انتظامی افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر عید گاہوں میں صفائی ستھرائی کے نظام کو عمدہ ترین بنایا جائے جبکہ سی اوز ایم سیز اور ضلع کونسل قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کیلئے پیشگی خصوصی انتظامات کریں۔
انہوں نے کہا کہ کیٹل منڈیوں میں جانوروں کی خریدو فروخت کیلئے آنیوالے افراد کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عمدہ ترین انتظامات یقینی بنائے جائیں گے اور محکمہ لائیو سٹاک ،ہیلتھ ،ریسکیو 1122 اوردیگر متعلقہ محکمہ جات کی جانب سے منڈیوں میں کیمپس بھی لگائے جائیں گے اور گرم موسم کی شدت سے بچاؤ کیلئے بھی موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ ضلع بھر میں ضلعی انتظامیہ کے تعین کردہ مخصوص سیل پوائنٹس کے علاؤہ جانورخریدو فروخت کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے تمام محکمہ جات کے سربراہان کو محرم الحرام کے سلسلہ میں بھی خصوصی پلان مرتب کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام سے قبل جلوس روٹس پر ضروری تعمیر و مرمت کے کام معیاری انداز میں مکمل کئے جائیں۔اجلاس میں مون سون سیزن کے دوران بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے محکمہ جات کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا ۔