بھکر۔ 26 اگست (اے پی پی):ٹاپر سرگودھا بورڈ ،محمد حمزہ مجید آج وزیر اعظم پاکستان سے ای بائیک وصول کریں گے۔گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر کے ہونہار اور باصلاحیت طالب علم، ایف ایس سی ٹاپر سرگودھا بورڈ محمد حمزہ مجید کو آج وزیراعظم سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقدہ پروقار تقریب میں وزیرِاعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اپنے دستِ مبارک سے ای۔بائیک عطا فرمائیں گے۔ یہ تقریب وفاقی وزارتِ صنعت و پیداوار کے زیرِاہتمام New Energy Vehicle Policy 2025–2030 and PAVE Program کے سلسلے میں منعقد ہو رہی ہے، جس میں وفاقی وزیرِ صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین، معاونِ خصوصی وزیراعظم ہارون اختر خان سمیت دیگر اہم شخصیات بھی شریک ہیں۔
قابلِ فخر حقیقت یہ ہے کہ محمد حمزہ مجید نے ایف ایس سی 2024سرگودھا بورڈ میں 1156 نمبروں کے ساتھ مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی، اور اب وہ پاکستان کے ممتاز تعلیمی ادارے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج لاہور میں ایم بی بی ایس کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ انھیں زندگی کے ہر میدان میں اسی طرح کامیابیاں، عزتیں اور ترقیاں عطا فرماتا رہے۔ آمین یہ عظیم کامیابی نہ صرف محمد حمزہ کی انتھک محنت و لگن کا ثبوت ہے بلکہ ان کے والدِ گرامی اور خاندان کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔ ہم دل کی گہرائیوں سے انہیں اور ان کے خاندان کو اس شاندار اعزاز پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔