بھکر۔ 27 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کے ضلع کے سرکاری سکولوں کو سولرائزیشن پر منتقلی کے اقدامات تیز رفتاری کیساتھ جاری ہیں۔ اس ضمن میں گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول حافظ شیرازی آرائیاں والی شہانی بھکر کو سولر انرجی سسٹم پر منتقلی کے سلسلہ میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ جس میں ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے سولر سسٹم کو فنکشنل کرکے باقاعدہ طور پر افتتاح کیا۔اس موقع پرسی ای او ایجوکیشن شبیر احمد،ڈی ای او سکینڈری محمد منیر،سکول پرنسپل مسز صوفیہ نورین سمیت دیگر اساتذہ اور طلبات بھی موجود تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے سکولوں کو سولرائزیشن سسٹم پر منتقلی کے اقدام کی کامیابی کو شعبہ تعلیم کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع کے ایجوکیشن سیکٹر میں شمسی توانائی کے فروغ سمیت دیگر انتظامی شعبہ جات میں نمایاں بہتری کیلئے فوری نوعیت کے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ضلع کے سرکاری سکولوں میں بلند معیار تعلیم کیلئے جامع پلان مرتب کر رہے ہیں علاؤہ ازیں نجی سکولوں کی کارکردگی اور دیگر انتظامی امور کے جائزہ کیلئے بھی سی ای او ایجوکیشن کو خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے سکول کے احاطہ میں پودا لگایا اس موقع پر ایجوکیشن افسران سمیت سکول انتظامیہ نے بھی پودے لگائے۔