
بھکر۔ 16 ستمبر (اے پی پی):بھکر میں عید میلاد النبیﷺکے موقع پر 55 جلوس اور 320 محافل ہوں گی، سیکیورٹی پر 1000 سے زائد پولیس افسران و ملازمان ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ملک بھر کی طرح بھکر میں عید میلاد النبیﷺ بھرپور مزہبی جوش و خروش سے منائی جائیگی۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بھکر محمد عبداللہ لک کی ہدایت پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
اس سلسلہ میں عید میلاد النبیﷺ کا سکیورٹی پلان جاری کردیا گیاہے۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں کے لیے تین سطحی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔جلوس اور محافل میں شریک ہونے والوں کے لئے واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں گےجلوس کے راستوں کو خاردار تاروں اور قناتوں کے ذریعہ سے بند کیا جائےگا۔
ضلع بھر کو لگنے والے تمام پتن مکمل طور پر سیل کر دیے گئے ہیں اور بین الصوبائی داجل چیک پوسٹ پر مزید سیکیورٹی سخت اور چیکینگ کا عمل سخت کر دیا گیا ہے۔سی سی ٹی وی کیمرہ جات کے ذریعے تمام جلوس کی مانٹرینگ کی جائیگی ، جلوسوں کے مخصوص روٹس اور ان کے بروقت اختتام کو یقینی بنایا جائے گا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تمام تر انتظامات کی خود نگرانی کریں گے اور متعلقہ ایجنسیوں کے ساتھ رابطے میں رہیں گے۔
55 جلوسوں میں سے A کیٹیگری کے 03 جلوس B کٹیگری کے02 اور C کٹیگری کے50 جلوس نکالے جا ئیں گے۔اس موقع پر ڈی پی او بھکر نے کہا کہ تمام پروگراموں کے اختتام تک ڈیوٹی موجود رہے گی اور سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کے لیے ڈی پی او آفس میں کنٹرول روم قائم کیا جائیگا۔ عوام سے گزارش ہے کہ وہ اپنے اردگرد نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری پولیس کو دیں ۔