بھکر۔ 14 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بھکر ڈاکٹر نور محمد اعوان کی زیر صدارت 2اکتوبر سے شروع ہونے والی 5روزہ انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ بارے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ انسداد پولیو مہم 6اکتوبر تک جاری رہے گی۔
اجلاس میں محکمہ صحت نے بریفنگ میں بتایا کہ ضلع بھکر میں مہم کے دوران 3 لاکھ 53 ہزار 836 بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لیے محکمہ صحت کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جن کی ٹریننگ کا عمل بھی مکمل ہو چکا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ پولیو مہم کے دوران محکمہ صحت کی مجموعی طور پر 1500 ٹیمیں فرائض سر انجام دیں گی جن میں 1373 موبائل،77 فکسڈاور 50 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر بھکر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے ہدایت کی کہ پولیو مہم کے مقررہ اہداف کی سو فیصد تکمیل یقینی بنائی جائے،
اس سلسلہ میں ویلج کمیٹیوں کی بھی معاونت حاصل کی جائے جبکہ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کے لیے بھی فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ اس قومی مہم میں 5سال تک کی عمر کا کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔