سیالکوٹ۔14مارچ (اے پی پی):ترجمان محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کہا ہے کہ کاشتکار بہاریہ مونگ کی کاشت جلد از جلد مکمل کر لیں،بہاریہ مونگ کی کاشت کا موزوں وقت مارچ کا مہینہ ہے۔انہوں نے اے پی پی کو بتایا کہ مونگ موسم بہار میں کاشت کی جانے والی اہم فصل ہے۔ دالوں کی غذائی اہمیت کے پیش نظر دالوں کی پیداوار میں اضافہ بہت ضروری ہے۔ بہاریہ مونگ کی کاشت میں زمین میں نمی کا فرق بیج کے اُگاؤ پر اثر ڈالتا ہے کیونکہ نمی کی کمی کی صورت میں پودوں کا قد چھوٹا رہ جاتا ہے جبکہ پانی کھڑا ہونے کی صورت میں پودے مرجھا جاتے ہیں جس سے پیداوار میں کمی واقع ہوجاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مونگ کے کاشتکار 10سے 12کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں تاکہ فی ایکڑ پودوں کی مناسب تعداد حاصل ہو سکے۔ مونگ کے پودوں کی تعداد 1 لاکھ 60 ہزار سے 1 لاکھ80ہزارتک ہونی چاہیئے۔بیج کو تھائیوفنیٹ میتھائل بحساب 2 سے 3 گرام فی کلو گرام لگا کر کاشت کریں تاکہ فصل پھپھوندی کی وجہ سے لگنے والی بیماریوں سے محفوظ رہ سکے۔
انہوں نے کہا کہ آبپاش علاقوں کے لیے نیاب مونگ 2021، ارزی مونگ2021،پی آر آئی مونگ2018، ارزی مونگ2018،بہاولپور مونگ2017، نیاب مونگ2016،ارزی مونگ2006،جمبو مونگ اور عباس مونگ کی منظور شدہ ترقی دادہ اقسام ہیں جبکہ چکوال مونگ 6بارانی علاقوں کے لیے منظور شدہ قسم ہے۔یہ اقسام بہتر پیداواری صلاحیت اور وائرسی بیماریوں کےخلاف قوت مدافعت رکھتی ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572458