بہاولپور۔ 26 نومبر (اے پی پی):بہاولپور میں پولیو کے خاتمہ کیلئے پانچ روزہ مہم 16 دسمبر سے شروع ہوگی۔ اس دوران ضلع بھر میں پانچ سال تک کی عمر کے8 لاکھ 24 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق کی زیر صدارت اجلاس میں بتائی گئی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور صدر ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پریونٹو سروسز، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز ہیلتھ، ڈبلیو ایچ او کے نمائندگان اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے جبکہ دیگر تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعہ شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کوکامیاب کرنے کے لیے بچوں کو حفاظتی ویکسین پلوائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت اور متعلقہ محکموں کے افسران فیلڈ میں پولیو ٹیموں کی موثر انداز میں مانیٹرنگ کریں،پولیو سے بچائو کی مہم کے دوران متعلقہ اداروں کے افسران بہتر کوآرڈینیشن کے ساتھ کام کریں۔