26.6 C
Islamabad
بدھ, اپریل 23, 2025
ہومزرعی خبریںبہاولپور ڈویژن میں ڈیڑھ لاکھ ایکڑ پر اگیتی کپاس کی کاشت کی...

بہاولپور ڈویژن میں ڈیڑھ لاکھ ایکڑ پر اگیتی کپاس کی کاشت کی جائے گی، ڈائریکٹر زراعت

- Advertisement -

بہاولنگر 24 جنوری (اے پی پی):بہاولنگر میں ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد جمیل غوری کی زیر صدارت محکمہ زراعت توسیع ضلع بہاولنگر کے افسران کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کپاس کی اگیتی کاشت کے حوالے سے ایکشن پلان پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد جمیل غوری  نے کہا کہ پیداوار میں اضافہ اور اخراجات میں کمی کی وجہ سے کاشتکاروں میں کپاس کی  اگیتی کاشت کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ امسال بہاولپور ڈویژن میں ڈیڑھ لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی اگیتی کاشت کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈائریکٹر سے فیلڈ اسسٹنٹ تک تمام عملہ کو پوری دلجمعی اور دلچسپی سے کام کرنا ہوگا تاکہ وطن عزیز کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں گلابی سنڈی کی آف سیزن مینجمنٹ و اگیتی کاشت کیلئے بھرپور مہم چلائی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں اگیتی کاشت کیلئے کپاس کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی بارے آگاہی فراہم کی جائے گی۔ آلو، مکئی، ٹنل و کھلے رقبوں پر سبزیاں کاشت کرنے والے کاشتکاروں کو کپاس کی اگیتی کاشت بارے قائل کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 15 فروی کے بعد کپاس کی اگیتی کاشت کا موزوں ترین وقت ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ اگیتی کاشت کیلئے ٹرپل جین اقسام کی کاشت کو ترجیح دی جائے کیونکہ کپاس کی اگیتی کاشت، فصل پر آنے والے چیلنجز کا مقابلہ نسبتاً بہتر طور پر کرتی ہے۔

- Advertisement -

اس پر رس چوسنے والے کیڑوں کی وجہ سے نسبتاً کم نقصان ہوتا ہے اور درجہ حرارت میں اضافے کے اثرات نسبتاً کم ہوتے ہیں۔ لہٰذاکپاس کی اگیتی کاشت کے لئے منظورشدہ ٹرپل جین اقسام کی سفارش بارے کاشتکاروں کو آگاہی دیں۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع نے اپنے اپنے اضلاع میں اگیتی کاشت کے حوالے سے کاٹن ایکشن پلان بارے بریفنگ دی۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر محمد اشفاق، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، زراعت آفیسرز و کاٹن انسپکٹرز نے شرکت کی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=551190

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں