بہتر معاشی پالیسوں کی بدولت عالمی کساد بازاری کا اثر ملک کی معیشت پرکم سے کم پڑا ہے، مزمل اسلم

120

کراچی۔1جنوری (اے پی پی):وزارت ِ خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم نے کہاہے کہ حکومت کی بہتر معاشی پالیسوں کی بدولت عالمی کساد بازاری کا اثر ملک کی معیشت پرکم سے کم پڑا ہے جبکہ دیگر ملکوں کو کئی معاشی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مزمل اسلم نے کہاکہ مالی سال 2021 میں شر ح نمو 4 فیصد رہی جبکہ کئی بڑے ملکوں کی شرح نمو میں کمی دیکھی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ زرعی اجناس کی بمپر پیداوار کے باعث ملک کی معیشت کو استحکام حاصل ہوا۔

مزمل اسلم نے کہاکہ رواں مالی سال کے چھ ماہ میں ٹیکس وصولیوں میں 32 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے کہاکہ سپلمنٹری فنانس بل میں عام آدمی پرٹیکس کا کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ ایس ای سی پی میں 44 فیصد کمپنیاں پی ٹی آئی کے دور میں رجسٹر ہوئیں۔