خرم شہزاد
اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال ملک عامر فدا پراچہ نے کہا ہے کہ پاکستان بیت المال سے ایک سال کے دوران مجموعی طور پر ایک کروڑ 16 لاکھ 16ہزار 574 ضرورت مند افراد نے استفادہ کیا ہے ، شیلٹر ہومز سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے ، 68بیت المال سے ہزار 272 تعلیمی وظائف کا اجرا ہوا جبکہ اڑھائی لاکھ افراد کو علاج کے لیے مالی معاونت دی گئی ۔
پیر کو قومی خبر رساں ادارے "اے پی پی” سے خصوصی گفتگو کر تے ہوئے ایم ڈی پاکستان بیت المال ملک عامر فدا پراچہ نے کہا کہ پاکستان بیت المال یتیم بچوں کو سویٹ ہوم میں تعلیم کے ساتھ ساتھ رہائش کی سہولت بھی فراہم کر رہا ہے ۔
ملک کے مختلف حصوں میں 51 سویٹ ہوم ہیں جن میں اسلام آباد اور آزاد کشمیر ریجن میں 11 سویٹ ہومز، لاہور میں 9 ، ملتان میں 5 ، گلگت بلتستان میں 3 ، سندھ میں 11 ،کے پی کے میں 8 اور بلوچستان کے 4 سویٹ ہومز شامل ہیں۔ان سویٹ ہومز میں موجود بچوں کو مفت معیاری رہائش ، خوراک ، مفت تعلیم ، یونیفا رم ، کتابیں ، میڈیکل کی سہولت ، سکل ڈویلپمنٹ ، مفت لانڈری سروس ، مذہبی تعلیم اور کونسلنگ دی جاتی ہے ۔ سویٹ ہومزمیں 4 تا 6 سال عمر کے یتیم بچوں کو داخلہ دیا جاتا ہے ۔
اس وقت پاکستان سویٹ ہومز میں 6 ہزار یتیم بچے ہیں ۔ ایم ڈی بیت المال نے بتایا کہ رواں سال کے دوران ستمبر تک شیلٹرہومزسے اسفادہ کرنے والوں کی تعداد ایک کروڑ 32 لاکھ 29ہزار 739 تک پہنچ چکی ہے ۔ ایک کروڑ 22 لاکھ 39ہزار افراد کو کھانا جبکہ 99 ہزار 647 کورہنے کے لئے چھت فراہم کی گئی ۔ شیلٹر ہومز بینفشریز میں 45 لاکھ 25 ہزار اسلام آباد سے، 23 لاکھ سندھ سے ، 6 لاکھ 14ہزار بلوچستان سے جبکہ 22 لاکھ کے پی کے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ تھیلی سیمیا بیماری وراثت میں ملتی ہے ۔
ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں تقریباً 100,000 مریض تھیلی سیمیا میں مبتلا ہیں اور ہر سال 5,000 بچے اس مہلک مرض کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں۔ ان مریضوں کو ماہانہ بنیادوں پر باقاعدہ تشخیصی تحقیقات کے ساتھ مستند ہیماٹولوجسٹ سے مشاورت کے بعد باقاعدگی سے خون کی منتقلی ہے۔تھیلیسمیا کے مرض میں اضافے کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان بیت المال نے آزاد کشمیر ، شمالی علاقہ جات ، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں جدید تھیلی سیمیاسینٹر قائم کیے ہیں جہاں پر اس کے مریضوں کا مفت علاج کیا جارہا ہے ۔
گذشتہ 3 سالوں کے دوران 3 ہزار مریضوں کو مالی امداد فراہم کی گئی ۔ 2020 میں 9 ہزار 330 تھیلسیمیا مریضوں کو خون فراہم کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ بیت المال کے تحت خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے وویمن ایمپاورمنٹ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں پر خواتین کو ہنر مند بنانے کے لئے مختلف کورسز کرائے جاتے ہیں ، اب تک ان سینٹرز سے 2 لاکھ 77 ہزار 238 خواتین تربیت حاصل کر چکی ہیں اور معاشرے میں ایک بہتر زندگی بسر کر رہی ہیں ۔
ایم ڈی بیت المال ملک عامر فدا پراچہ نے کہا کہ 2022-23 میں اب تک شیلٹرز ہومز میں ایک کروڑ 32 لاکھ بینفشریز نے استفادہ حاصل کیا ہے ۔ 8 ہزار 390 افراد کو میڈیکل امداد ، 4 ہزار 391 تعلیمی وظائف ، 18 ہزار 375 تعلیمی اعزازیہ فراہم کیا گیا ۔