بیرسٹر سیف مریم نواز پر الزام لگانے سے قبل اڈیالہ جیل حکام کی رپورٹ پڑھ لیتے، عظمی بخاری

83

لاہور۔24مارچ (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے بیرسٹر سیف کے بیان پر رد عمل میں کہا ہے کہ اڈیالہ جیل حکام کے مطابق پرویز الہی واش روم میں گرکر زخمی ہوئے،بیرسٹر سیف مریم نواز پر الزام لگانے سے قبل اڈیالہ جیل حکام کی رپورٹ پڑھ لیتے تو بہتر ہوتا،آپ پرویز الہی کا علاج کرنے کی بجائے اپنے وزیراعلی کا علاج کروائیں جو افسران کو اینٹیں مارنے کے مشورے دے رہیں۔

انہوں نے کہا کہ پرویز الہی کے بیٹے کو باپ کی فکر نہیں، بیرسٹر سیف بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ والا رول ادا کر رہے ہیں، تانگہ پارٹی نے اپنے ہر جرم کا الزام مریم نواز پر لگانا وطیرا بنا لیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز اپنے صوبے کے عوام کی خدمت کے علاوہ اور کسی مخالف پر توجہ نہیں دے رہیں، علی مین گنڈا پور ہو یا برسٹر سیف، سب نے بانی پی ٹی آئی کا جھوٹا کھایا ہے۔انہوں نے کہاکہ اپنے لیڈر کی طرح الزام برائے الزام کی سیاست ہی ان کا مشغلہ ہے۔