بیروزگاری اور مہنگائی کے مسئلے سے بھی نمٹنے کیلئے ہم اقدامات کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان

58

اسلام آباد ۔ 17 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مشکل معاشی صورتحال سے نکل رہے ہیں، 2019ءہمارے لئے مشکل سال تھا، بیروزگاری اور مہنگائی کے مسئلے سے بھی نمٹنے کیلئے ہم اقدامات کر رہے ہیں۔ منگل کو وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں غربت ہے اور ہم نے سوچا کہ اگر شہر بند کر دیئے تو حالات بہت بگڑ جائیں گے اور کورونا سے بچانے کے لئے یہ قدم اٹھایا تو لوگ بھوک کا شکارہو جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے پھر ایسی جگہیں بند کرنے کا فیصلہ کیا جہاں لوگ زیادہ جمع ہو سکتے ہیں جن میں کرکٹ میچز، سکول، کالجز اور یونیورسٹیاں شامل ہیں جہاں پر چھٹیاں کر دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے قومی رابطہ کمیٹی قائم کر دی ہے جو وزراءاعلیٰ سے بھی رابطے میں رہے گی۔ اس کے علاوہ قدرتی آفات سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے ادارے این ڈی ایم اے کو بھی متحرک کر دیا ہے اور اسے فنڈز دیئے ہیں اور ضروری سامان بھی مہیا کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ماسک ہمارے پاس موجود ہیں، وینٹی لیٹرز کی ضرورت ہو گی اس کیلئے بھی آرڈرز دے دیئے ہیں، طبی ماہرین کی ایک کور کمیٹی اس حوالے سے مشاورت فراہم کر رہی ہے۔ دنیا کے ردعمل کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی رابطہ کمیٹی کے علاوہ ہم نے اقتصادی کمیٹی بھی قائم کی ہے جس کا مقصد کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر پڑنے والے حالات کا جائزہ لینا ہے۔ دنیا میں تیل کی قیمتیں گر گئی ہیں اور کورونا وائرس سے عالمی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، کافی عرصے بعد ہماری برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، مارچ اور فروری میں ہماری برآمدات بڑھی تھیں، موجودہ صورتحال کی وجہ سے برآمدات پر بھی اثر پڑے گا۔ کاروبار بھی متاثر ہو گا کیونکہ شادی ہالز وغیرہ پہلے ہی بند کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے حوالے سے بھی ہم آئی ایم ایف سے بات کرینگے کیونکہ ہمیں اپنے معاشی شعبوں کو ان حالات میں ریلیف دینا پڑے گا۔ اقتصادی کمیٹی متاثر ہونے والے شعبوں پر نظر رکھے گی اور ان کی مدد کیلئے تجاویز دے گی، کمیٹی دیکھے گی کہ مہنگائی نہ ہو اور کھانے پینے کی اشیاءکی فراوانی ہو۔