بیرونِ ملک پاکستانیوں کی فلاح و بہبود موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز وترقی انسانی وسائل ساجد طوری

57

پشاور۔5جون (اے پی پی):وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز وترقی انسانی وسائل ساجد طوری نے کہا ہے کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کی فلاح و بہبود موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملکی ترقی میں سمندر پار پاکستانیوں نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے پارا چنار کے مختلف پولیس اسٹیشنز میں سمندر پار پاکستانیوں کے لیے سہولیاتی ڈیسک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت سمندرپار پاکستانیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو ہرشعبہء زندگی کی سہولیات کی فراہمی اور انکی شکایات کے ازالے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔وفاقی وزیر نے سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح وبہبود اور انھیں درپیش مسائل کے ازالے کے لیے او پی ایف کے کردار کو سراہا۔

اُنھوں نے کہا کہ پولیس اسٹیشنز میں سمندر پار پاکستانیوں کے لیے سہولیاتی ڈیسک کے قیام سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو درپیش مسائل اور شکایات کا جلد اور فوری ازالہ ہو گا۔اس سے قبل وفاقی وزیر نےچار سدہ اور پارا چنار کے پولیس اسٹیشنز میں سمندر پار پاکستانیوں کے لیے سہولیاتی ڈیسک کے قیام کا افتتاح کیا۔اس موقع پر بڑی تعداد میں عمائدین بھی موجود تھے۔