بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز کا ہوشاب میں آپریشن، دہشتگردی کے خاتمہ کی مہم میں 3اہلکار شہید

46
آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر

راولپنڈی ۔13نومبر (اے پی پی):تربت کے گردونواح میں بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں آپریشن کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق سیکورٹی فورسز کے گھیرے میں آنے پر ایک جھڑپ ہوئی جس میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

دہشتگردوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران 2 سپاہی جام شہادت نوش کر گئے ،جن میں ضلع سرگودھا سے تعلق رکھنے والے سپاہی رمضان اورضلع صوابی سے تعلق رکھنے والے لانس نائیک لیاقت اقبال شامل ہیں جنہوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔اسی طرح کے ایک اور واقعہ میں، شہریوں کی آمد و رفت کے راستے پر دہشت گردوں کی جانب سے نصب کیے گئے دیسی ساختہ بم کو ناکارہ بناتے ہوئے ضلع لکی مروت کے رہائشی سپاہی انعام اللہ نے جام شہادت نوش کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بزدل دہشت گردوں کی کارروائیوں کو شکست دینے کے لیے پرعزم ہیں، جن کا مقصد بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو متاثر کرنا ہے۔