بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے معاشی سفارتکاری کو مؤثر بنانا ہو گا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اجلاس سے خطاب

104

اسلام آباد ۔ 9 مئی (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ہمیں معاشی سفارتکاری کو مؤثر بنانا ہو گا، کلچرل ڈپلومیسی کو بروئے کار لا کر پاکستان میں سیاحت کی شرح میں خاطر خواہ اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو وزارت خارجہ میں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سمیت وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد خارجہ پالیسی کے افق پر درپیش چیلنجز اور طے شدہ اہداف پر اب تک ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لینا تھا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ہمیں معاشی سفارتکاری کو مؤثر بنانا ہو گا۔ کلچرل ڈپلومیسی کو بروئے کار لا کر پاکستان میں سیاحت کی شرح میں خاطر خواہ اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی ویزہ پالیسی کے اجراء سے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے فوری اور بروقت حل کیلئے تمام پاکستانی سفارتخانوں کو واضح ہدایات دیدی گئی ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ قونصلر سیکشن کو ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو کاغذات کی تصدیق میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔