اسلام آباد۔25مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ بیرونی قوتوں کے آلہ کار جمہور اور جمہوریت دونوں سے نابلد ہیں، جمہوریت کے نام پر جمع شدہ ٹولہ کھوٹے سکے ہیں، تاریخ میں پہلی بار طاقتور کا احتساب ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی قوتوں کے آلہ کار جمہور اور جمہوریت دونوں سے نابلد ہیں، جمہوریت کے نام پر جمع شدہ ٹولہ کھوٹے سکے ہیں، قوم ان کے کرپشن زدہ چہرے اور کرتوت جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باریاں لگا کر لوٹنے والوں کو پہلی مرتبہ لوٹ مار سے روکا گیا، تاریخ میں پہلی بار طاقتور کا احتساب ہوا، احتساب کا نام سُن کر کوئی لندن فرار تو کسی کی کمر میں درد اُٹھے۔
ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ سندھ کے ڈاکو بھی بیماری کے پیچھے چُھپے، آج وزیراعظم عمران خان کا مقابلہ کرنے کیلئے سارے سیاسی بیمار اکٹھے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے آپ کو پہلے بھی رگیدا ہے، اب کی بار بھی ذلت آپ کا مقدر ہوگی۔