اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):قومی اسمبلی کوبتایاگیاہے کہ بیرون ملک جانے والے ہنرمندافراد کے ویزے مستردہونے کی شرح بہت کم ہے، اموات کی صورت میں معاوضہ کی ادائیگی پر نظرثانی کی جارہی ہے، 21کمیونٹی ویلفیئر افسران کے انتخاب کاسارا عمل شفاف طریقے سے مکمل ہوا۔بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سحرکامران کے سوال پر وفاقی وزیرچوہدری سالک حسین نے کہاکہ بیرون ملک جانے والے ہنرمندافراد کے ویزے مسترد کرنے کے حوالہ سے کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
آن لائن ویزے بھی جاری ہورہے ہیں۔ یواے ای کے حوالہ سے بعض مسائل پیش آئے تھے جو اب حل ہورہے ہیں، بیرون ملک جانے والے ہنرمندافراد کو ویزے جاری ہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزارت بھی اس حوالہ سے کام کررہی ہے۔ بیرون ملک جانے والے ہنرمندافراد کے ویزے مستردہونے کی شرح بہت کم ہے۔سیدرفیع اللہ کے سوال پر انہوں نے کہاکہ چھ دن پہلے عراق کے ساتھ ایم اویوسائن ہوچکاہے،انجم عقیل کے ضمنی سوال پر انہوں نے کہاکہ بیرون ملک جانے والے ہنرمندافراد کوتین سے لیکر6ماہ تک تربیت فراہم کی جاتی ہے۔
ہمیں سالانہ ایک لاکھ 80ہزار کی ڈیمانڈآتی ہے۔ بیرون ملک جانے والے ہنرمندافراد کے حوالہ سے ہماراوزارت تعلیم کے ساتھ قریبی رابطہ ہے، اس حوالہ سے ایس آئی ایف سی بھی اپناکرداراداکررہاہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ تین سالوں سے 13لاکھ پاکستانی بیرون ممالک ملازمت کیلئے گئے ہیں۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ کوریا کے ساتھ حکومتی سطح پر معاہدہ ہواہے، جاپان کے ساتھ معاہدہ ہونے جارہاہے۔
بیرون ملک جانے والے ہنرمندافراد کے حوالہ سے وزارت اپناکردارموثرطریقے سے اداکررہاہے۔شرمیلافاروقی کے سوال پر انہوں نے کہاکہ اموات کی صورت میں معاوضہ جات کی ادائیگی پر نظرثانی کی جارہی ہے۔ سحرکامران کے سوال پر انہوں نے کہاکہ سمندرپارپاکستانیوں کو ایک موبائل فون کے حوالہ سے ایف بی آر کو مکتوب لکھا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 21کمیونٹی ویلفیئر افسران کی پوسٹوں کیلئے 550افسران نے اپلائی کیا جن میں سے 125کوشارٹ لسٹ کیاگیا، ایک ایک پوزیشن کیلئے میں نے خود انٹرویولیا اوریہ سارا عمل شفاف طریقے سے مکمل ہواہے۔
طاہرہ اورنگزیب کے سوال پر انہوں نے کہاکہ بیرون ملک وفات پانے کی صورت میں کفن دفن کیلئے 25ہزار روپے دئیے جاتے ہیں جبکہ ائیرپورٹ سے گھرتک میت کی منتقلی کے ادائیگی حکومت کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ جن ممالک میں پی آئی اے آپریشنل ہے وہاں میت لانے کے اخراجات نہیں لئے جاتے۔ خورشیدجونیجوکے سوال پر انہوں نے کہاکہ کمیونٹی ویلفیئر افسران بیرون ممالک قید پاکستانیوں کے ساتھ رابطے میں ہوتے ہیں ، اوپی ایف کے سکولز کابجٹ زیادہ ہے۔