اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین سے پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن (پوئپا)کے چیئرمین اسد حفیظ کیانی کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی جس میں انہوں نے اوورسیز پروموٹرز کو درپیش مسائل ، اوورسیز پاکستانی اور بیرون ملک ملازمت کے خواہش مند افراد کے مسائل سے آگاہ کیا ۔ وفد نے وفاقی وزیر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ۔ اس ملاقات میں وفاقی سیکرٹری اوورسیز پاکستانی ڈاکٹر راشد محمود بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پروموٹرز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ بہت جلد بیرون ملک روزگار کے لیے جانے والوں اور بیرون ملک روزگار کے لیے بھیجنے والے سسٹم کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے گا تاکہ کم وقت میں زیادہ سے زیادہ لوگ روزگار کے لیے بیرون ملک جا سکیں اور ملکی ترقی وزر مبادلہ میں خاطر خواہ اضافہ ہو۔