یونیورسٹی طلباء سیلاب زدہ علاقوں میں بچوں اور ماؤں کے لئے خوراک کا پیکٹ تیار کریں ، احسن اقبال

141

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے بدھ کو یونیورسٹی طلباء پر زور دیا کہ وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچوں اور ماؤں کے لئے خوراک کا ایک پیکٹ تیار کرتے ہوئے کمیونٹی موبلائزر بنیں اور اسے اپنی متعلقہ یونیورسٹیوں میں جمع کرائیں۔

وفاقی وزیر نے یہ اپیل ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے زیر اہتمام امن کے عالمی دن کے موقع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کی۔کانفرنس میں چیئرمین ایچ ای سی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور طلباء کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یونیورسٹی کے ہر طالب علم کو خود کو متحرک کرنا چاہئے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ماں اور بچوں کے لئے کھانے کا ایک پیکٹ تیار کریں۔

وفاقی وزیر نے ایچ ای سی کے چیئرمین سے کہا ہے کہ وہ یونیورسٹیوں میں 20 لاکھ طلباء کو خوراک کا ایک پیکٹ جمع کرنے کا ہدف مقرر کریں جس کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )کے ذریعے اگلے 10دنوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ سیلاب سے ملک کا ایک تہائی حصہ ڈوب گیا ہے اور موجودہ حکومت سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لئے تمام تر کوششیں کر رہی ہے اور وائس چانسلرز پر زور دیا کہ وہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لئے طلبہ کو کمیونٹی موبائلز بنائیں تاکہ سیلاب سے متاثرہ ماں اور بچہ بھوکا سے بچایا جائے۔