اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،اپوسٹل کنونشن میں پاکستان کی شمولیت سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو آسانی ہوگی، اب پاکستانی تصدیق شدہ دوستاویزات 100 سے زائد ممالک میں قابل قبول ہوں گی ۔
جمعہ کو ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ اپوسٹل کنونشن میں پاکستان کی شمولیت بیرون ملک سفرکرنے والے اور وہاں مقیم پاکستانیوں کوبہت آسانی ہوگی ۔ اپنے شہریوں کےلئے سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے ۔
اب پاکستان میں تصدیق شدہ دستاویزات 100 سے زائد ممالک میں قابل قبول ہوں گی اور ہمارے شہری شادی کے سرٹیفیکیٹ، ڈگریاں اور دیگر دستاویزات پاکستان میں وزارت خارجہ کے مجازافسران سے تصدیق کراسکیں گے جنہیں مزید تصدیق کی ضرورت کے بغیر بین الاقوامی سطح پر قبول کیا جاسکے گا۔