برسلز۔27نومبر (اے پی پی):وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
بیلجیئم میں پاکستانی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے ان خیالات کا اظہار برسلز میں سفارتخانے کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کا اہم شراکت دار ہے، اس ضمن میں یورپی یونین کی طرف سے جی ایس پی پلس کا تسلسل انتہائی خوش آئند ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اس اقدام سے یورپی یونین کے ساتھ دو طرفہ اقتصادی روابط کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ قبل ازیں یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کیلئے پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ اور سفارتی عملے نے وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
وزیر خارجہ نے قونصلر سیکشن سمیت سفارت خانے کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور پاکستانی کمیونٹی کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے سفارت خانے میں رکھی ”وزٹرز بک“ میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=414536