بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئےمراعاتی پیکیج کا اعلان انہیں بہتر خدمات اورمددفراہم کرنے کے لئے ہماری حکومت کے عزم کی عکاسی کرتاہے،وزیراعظم شہبازشریف

162
شہباز شریف
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے مراعاتی پیکیج کا اعلان انہیں بہتر خدمات اور مدد فراہم کرنے کے لئے ہماری حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد۔9اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے مراعاتی پیکیج کا اعلان کیا ہے جو انہیں بہتر خدمات اور مدد فراہم کرنے کے لئے ہماری حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، اس پیکیج کا مقصد پاکستان کے ساتھ ان کی شمولیت کو بڑھانا اور مختلف اداروں کے ساتھ ان کے روابط کو آسان بنانا ہے۔بدھ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ مراعاتی پیکیج کی نمایاں خصوصیات یہ ہیں، تمام صوبوں میں چیف سیکرٹریز اور اسلام آباد میں چیف کمشنر کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کی جائیداد کے مسائل کے حل کے لئے ہاٹ لائنز قائم کی جائیں گی۔

اسلام آباد اور پاکستان کے تمام صوبوں میں اوورسیز پاکستانیوں کی جائیداد کے مسائل کو تیز رفتار بنیادوں پر حل کرنے کے لئے مخصوص عدالتیں قائم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ تمام پبلک سیکٹر ہاؤسنگ سکیموں میں اوورسیز پاکستانیوں کے لئے 10فیصدکوٹہ مختص کیا جائے گا، اگر ادائیگی غیر ملکی کرنسی اور بینکنگ چینل کے ذریعے کی جاتی ہے تو 5فیصد رعایت ملے گی ۔

وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے کامیاب ماڈل کو دیگر تمام صوبوں میں بھی نقل کیا جائے گا،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پہچاننے اور ان کی سہولت کے لئے ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر مخصوص امیگریشن کاؤنٹر قائم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ زیادہ تر سیلات زر بھیجنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے ایوارڈز کا اعلان کیا جائے گا۔بیرون ملک پاکستانی مشنز میں قابل ذکر اوورسیز پاکستانیوں کے لئے ان کی خدمات/کامیابیوں کے اعتراف اور تعریف کے لئے ہال آف فیم قائم کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز فار اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے پرکشش شرحوں کے ساتھ قومی بچت کی مخصوص اسکیمیں متعارف کروائی جائیں گی۔بیرون ملک سفارت خانوں/پاکستانی مشنز میں نادرا اور پاسپورٹ کی سہولت کے کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ بلیک لسٹ شدہ پاسپورٹ مقررہ وقت کے بعد خود بخود ڈی لسٹ ہو جائیں گے۔

وزارت خارجہ کے ذریعے دستاویزات کی آن لائن تصدیق کو مضبوط بنایا جائے گا اور اسے مزید موثر بنایا جائے گا۔انہوں نے وزارت خارجہ کے کیمپ آفس پاکستان ان علاقوں میں قائم کیے جائیں گے جہاں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی زیادہ تعداد موجود ہے تاکہ دستاویزات وغیرہ کی تصدیق میں آسانی ہو۔انہوں نے کہا کہ پنشن، بینک اکاؤنٹس، جائیداد کی خرید و فروخت کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کی آن لائن بائیو میٹرک تصدیق متعارف کرائی جائے گی۔

اوورسیز پاکستانیوں کو شادی/طلاق، پیدائش اور موت کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لئے نادرا کا نظام یونین کونسلوں سے منسلک ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بچوں کے لئے پبلک سیکٹر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں 5 فیصد کوٹہ اوربچوں کو ضرورت پر مبنی اور میرٹ وظائف بھی دئیے جائیں گے۔