بیرون ملک مقیم پاکستانی اہم کردار ادا کر رہے ہیں، ان سے استدعا کی ہے کہ وہ بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے اور غلط معلومات کے استعمال سے پاکستان اور ریاستی اداروں کے وقار کو نقصان پہنچانے والوں سے ہوشیار رہیں، وزیراعظم محمدشہبازشریف

194
شہباز شریف

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اہم کردار ادا کر رہے ہیں، ان سے استدعا کی ہے کہ وہ بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے اور غلط معلومات کے استعمال سے پاکستان اور ریاستی اداروں کے وقار کو نقصان پہنچانے والوں سے ہوشیار رہیں۔ ہفتہ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ فرانس میں پاکستانی تارکین وطن سے مل کر خوشی ہوئی، بیرون ملک مقیم پاکستانی دنیا کے جس ملک میں بھی رہائش پذیر ہیں، وہ ان ممالک کی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں، ہم مٹی کے ان قابل فخر بیٹوں اور بیٹیوں کے طور پر ان کی کامیابیوں پر فخر کرتے ہیں، ان کا اپنا مادر وطن کے ساتھ جذباتی لگائو ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان سے ملاقات میں انہیں ان عوامل سے آگاہ کیا جن مشکل حالات میں اتحادی حکومت نے اقتدار سنبھالا اور گزشتہ ایک سال کے دوران ان بڑے معاشی، سفارتی و سیاسی چیلنجوں سے نمٹنا پڑا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان سے بات چیت کے دوران 9 مئی کے المناک واقعات کے سنگین مضمرات پر بھی توجہ مرکوز کی جس میں ان سے استدعا کی کہ وہ بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے اور غلط معلومات کی بنیاد پر پاکستان اور ریاستی اداروں کی ساکھ کو خراب کرنے والوں سے ہوشیار رہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کو دوبارہ پٹڑی پر لانے کے لئے طویل المدتی پالیسیوں کے ذریعے اقتصادی بحالی کے منصوبے کا خاکہ بھی پیش کیا، معاشی خود انحصاری کا اصول حکومت کا سب سے بڑا ہدف ہے۔