اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین شہریار خان آفریدی نے سمندر پار پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر کے سفیر بنیں اور تنازعہ کشمیر کے لیے اپنے اپنے میزبان ملکوں میں لابنگ کریں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق شہر یار آفریدی نے ان خیالات کا اظہار اوورسیز پاکستانیز کنونشن 2022 کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس کنونشن کا انعقاد پہلی مرتبہ کیا گیا ۔پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر نے یہ کنونشن اوورسیز پاکستانیز گلوبل فائو نڈیشن (OPGF) اور گھرانہ ڈاٹ کام کے اشتراک سے منعقد کیا۔شہر یار آفریدی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملکی معیشت کو بحال کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی میزبانی کی اور ان کے مسائل حل کرنے میں مدد کی۔انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں کے حکام نے اوورسیز پاکستانیز کنونشن میں شرکت کی تاکہ ان کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراءاور سرکاری افسران کی شرکت سمندر پار پاکستانیوں کے لیے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل جیسے کہ ان کے ووٹ کا اندراج، جانشینی کے سرٹیفکیٹ، شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کا حصول گھنٹوں میں حل ہو جائے۔
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے جو ملک کے اثاثوں میں سے ایک ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے سینئر رہنما غلام محمد صفی نے اس موقع پر کہا کہ حق پر مبنی حق خود ارادیت کی جدوجہد کو دہشت گردی سے ہرگز جوڑا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں میں مقبوضہ جموں کشمیر کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے پرچیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفری کی تعریت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=290458