اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ (بی ای او ای) نے بیرون ملک ملازمت میں دلچسپی کے حامل شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صرف اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز سے رابطہ کریں تاکہ وقت اور رقم کے ضیاع سے بچا جا سکے۔ سرکاری ذرائع نے جمعہ کو یہاں "اے پی پی "کو بتایا کہ صرف 2،577 اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز (او ای پی) کے لائسنس قانونی جبکہ 5048 سے زیادہ لائسنسوں کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔
غیر قانونی اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز میں سے تقریبا 670ً کے لائسنس مختلف وجوہات کی بنا پر منسوخ کیے گئے، 805 کی میعاد ختم ہو چکی ہے جبکہ باقی او ای پی نے سرنڈر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک ملازمت کے متلاشی کی افراد کو تازہ اور درست معلومات کے لئے باقاعدگی سے بیورو کے سرکاری ویب پیج کا وزٹ کرنا چاہئے تاکہ تازہ اور درست معلومات حاصل کی جاسکیں اور خود کو غیر مجاز او ای پیز سے بچایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ بی ای او ای کو امیگریشن آرڈیننس 1979 کے تحت امیگریشن کو ریگولیٹ کرنے، پاکستانی شہریوں کی امیگریشن کو فروغ دینے اور تارکین وطن کے مفادات اور فلاح و بہبودکا مینڈیٹ دیا گیا ہے۔