بیرون ممالک سے آنے والے سکھ یاتریوں کی ننکانہ صاحب گوردوارہ جنم استھان آمد

149
Sikh pilgrims
Sikh pilgrims

ننکانہ صاحب۔ 24 جون (اے پی پی):سکھ کمیونٹی کے مذہبی تہوار مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 185 ویں برسی کی تقریبات میں شرکت کے لیے بیرون ممالک سے آنے والے سکھ یاتریوں کی ننکانہ صاحب گوردوارہ جنم استھان آمد ، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد ، ASP سرکل ننکانہ صابرہ ایوب و دیگر ضلعی افسران کی جانب سے سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا ، ننکانہ صاحب پہنچنے پر مہمان سکھ یاتریوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ان پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں مہمان یاتریوں نے بہترین انتظامات ، فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے اور ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کی جانب سے شاندار استقبال کرنے پر حکومت پاکستان ، حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ ننکانہ کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد نے اے پی پی سے خصوصی طور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر سے 448 سکھ یاتری گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں مذہبی تہوار میں شرکت کے لیے پہنچ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب آنے والے غیر ملکی مہمانوں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، پنجاب حکومت مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، پاکستان میں بسنے والے ہر شخص کو پاکستان کے آئین کے تحت مساوی حقوق حاصل ہیں۔

ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد ارشد نے مزید کہا کہ بابا گرو نانک کی تعلیمات میں محبت اور امن کا درس موجود ہے، دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کا خاص خیال رکھنا اور انہیں تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب کے عوام سکھ روایات اور مقدس مقامات کا گہرا احترام کرتے ہیں۔