بیرون ممالک سے 119 امدادی پروازیں پاکستان پہنچ چکی ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

100
Foreign Office
Foreign Office

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں ہولناک سیلاب کے متاثرین کے لئے بیرون ملک سے امدادی پروازوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، اب تک مختلف ملکوں سے 119 پروازیں متاثرین کے لئے امدادی سامان لیکر پاکستان پہنچ گئی ہیں۔ بدھ کو دفتر خارجہ سے جاری اعداد و شمار کے مطابق سیلاب زدگان کے لئے متحدہ عرب امارات سے اب تک مجموعی طور پر 41، ترکیہ سے 13، چین سے 4، ازبکستان سے ایک، قطر سے چار، فرانس سے ایک، یونیسیف کی تین، اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارہ ( یو این ایچ سی آر) کی متحدہ عرب امارات سے چلائی جانے والی 13 پروازیں، ترکمانستان کی ایک، اردن کی ایک، عالمی ادارہ خوراک کی تین، امریکہ کی 21، برطانیہ کی ایک، نیپال کی ایک، عمان کی 6 ، یونان اور ایک، ایک اور سعودی عرب کی 3 پروازیں امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچی ہیں۔ امدادی پروازوں کے علاوہ ترکیہ سے دو ٹرکوں اور دو ریل گاڑیوں ، تاجکستان سے 87 ٹرکوں اور عمان سے ایک شپ کے ذریعے بھی امدادی سامان پاکستان پہنچ چکا ہے ۔