بیرک گولڈ کارپوریشن نے سماجی سرمایہ کاری پروگرام کے تحت ریکوڈک کی مقامی کمیونٹی اور ملحقہ علاقے کے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے کے لیےہمائی گائوں میں پرائمری اسکول قائم کردیا

226

اسلام آباد۔18مارچ (اے پی پی):بیرک گولڈ کارپوریشن نے سماجی سرمایہ کاری پروگرام کے تحت ریکوڈک کی مقامی کمیونٹی اور ملحقہ علاقے کے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے کے لیےہمائی گائوں میں پرائمری اسکول قائم کردیا۔ریکوڈک مائننگ کمپنی (سابقہ ٹیتھیان کاپر کمپنی پاکستان ) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ریکوڈک کی مقامی آبادی کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اقدامات جاری ہیں ۔

اسی سلسلے میں پرائمری اسکول کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ریکوڈک پاکستان کے کنٹری منیجر علی ای رند نے کہا کہ بیرک گولڈ مقامی آبادی کے طرز زندگی کو بہتر سے بہترین بنانے کا خواہاں ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہمائی کے پرائمری اسکول کی بدولت مقامی بچوں کے لیے معیاری تعلیم کے در وا ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ ہم تعلیم کے فروغ پر توجہ مرکوز رکھیں گے اور ہمائی پرائمری اسکول کو مرحلہ وار اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ تین قریبی دیہاتوں اور نوکنڈی میں بھی رواں برس فروغ تعلیم کے منصوبے شروع کرنے کی منصوبہ بندی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ یہ اقدامات مقامی کمیونٹیز کو تعلیم دینے اور انہیں کان کنی کی صنعت میں مستقبل میں روزگار کے لیے تیار کرنے کی بیرک کی پالیسی کا حصہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم چاغی کے دیگر علاقوں میں اپنے تعلیمی اقدامات کے دائرہ کار کو وسعت دیں گے۔ریکوڈک منصوبے سے آنے والی نسلیں کم از کم 40 سال تک مستفید ہوں گی ۔اس پراجیکٹ کے دوران کم و بیش 7500افراد کو روزگار میسر آسکے گا ۔کمپنی 2024 تک ریکوڈک کی فزیبلٹی اسٹڈی اپ ڈیٹ مکمل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور صوبہ بلوچستان میں تانبے اور سونے کی سب سے بڑی کان سے پہلی پیداوار کے لیے 2028 کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔