اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):سکھ مذہب کے روایتی تہوار بیساکھی میلہ اور 324ویں خالصہ جنم دن کی تین روزہ تقریبات گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں اختتام پذیر، سکھ یاتریوں کا انتظامات پر اظہار تشکر،تقریب میں پاکستان زندہ باد کے نعرے،وزیراعظم پاکستان اور چیئرمین بورڈ حبیب الرحمٰن گیلانی کا خصوصی شکر یہ ادا کیا ۔ تفصیلات کے مطابق بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں نے اپنے روایتی تہوار بیساکھی میلہ اور 324ویں خالصہ جنم دن کی تین روزہ تقریبات میں شرکت کی۔
تین روزہ میلے کی اختتامی تقریب میں چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ حبیب الرحمن گیلانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سکھوں کو خالصہ جنم دن کی مبارک دی اور کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کومکمل تحفظ حاصل ہے اور وہ آزادانہ اپنی مذہبی رسومات ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بابا گورو نانک لائبریری اور میوزیم کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ بورڈ کی جانب سے یاتریوں کے لیے بہترین اقدامات کرنا ہمارا آئینی فریضہ ہے، اقلیتوں کے مذہبی مقامات کی بحالی،نئے کمروں کی تعمیر ،تزئین وآرائش تیزی سے جاری ہے، ٹرسٹ بورڈ کے اربوں روپے مالیت کی قیمتی اراضی واگزار کرا لی گئی ہے۔ان کاکہنا تھا کہ آنے والے یاتریوں کو عزت دینا ہمارا فرض بنتا ہے تاکہ دنیا میں ہمارا مثبت پہلو اجاگر ہو ،یہی وجہ ہے کہ پڑوسی ممالک سمیت دنیا بھر سے آنے والے یاتریوں کی تعداد دو گنا ہو گئ ہے۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز رانا شاہد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بورڈ کی ہدایت پر بہترین انتظامات کیے گئے، یاتریوں کی جانب سے رہائش ،سکیوٹی،لنگر اور دیگر انتظامات کو سراہنا خوش آ ئند ہے ۔شرومنی گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سرد ارامر جیت سنگھ بھیل پوری نے کہا کہ گورو دواروں کی تعمیرو ترقی اور تزئین آرائش دیکھ کر خوشی ہوتی ہے،ہم گرو کی دھرتی کی خوشحالی کے لیے دعاگو ہیں ۔
ڈپٹی پارٹی لیڈر سردار بلویندر سنگھ نے کہا کہ مہمان نوازی میں پاکستان اور مسلمان اپنی مثال آپ ہیں ،ہمارے پاس شکریہ کے الفاظ نہیں ۔ ڈپٹی پارٹی لیڈر جوگندر کور کا کہنا تھا کہ یاتریوں کی سہولت کے لیے ٹرانسپورٹ،کھانے پینے اور سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات پر ہم شکر گزار ہیں، خواتین سکھ یاتریوں کے لیے خصوص طور پرانتظامات قابل ستائش ہیں۔سرداراوتار سنگھ سنگیڑا نے بھی خصوصی طور پر حکومت پاکستان اور چیئر مین بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب میں سیکرٹری بورڈ ناصر اکرم، ڈپٹی سیکرٹری سیف اللہ کھوکھر،بورڈ ممبر سردار پرتاب سنگھ ،بورڈ ترجمان عامر حسین ہاشمی،سردار ستونت سنگھ، ڈاکٹر ممپال سنگھ، ایڈمنسٹریٹر نور اسلم، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر یاسر اصغر مونگا، کیئر ٹیکر عصمت اللہ ،عتیق گیلانی و دیگر نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے۔پاکستان سنگھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار امیر سنگھ نے کہا کہ بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتری محبت اور مہمان نوازی سے مطمئن اور خوش ہو کر واپس جاتے ہیں۔اس موقع پر گوردوارہ صاحب کو خوبصور ت انداز میں سجایا گیا تھا۔آنے والے یاتریوں کیلئے طبی سہولیات کا بھی انتظام کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز،نرسز اور دیگر سٹاف نے چوبیس گھنٹے ڈیوٹی سر انجام دی۔
یاتریوں نے گوردوارہ میں اکھنڈ پاٹھ،صحت یابی کے لیے اشنان کیا اور اپنی دیگر رسومات ادا کیں۔ترجمان بورڈ نے میڈیا نمائندگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بہترین کوریج سے دنیا بھر میں پاکستان کی نیک نامی میں اضافہ ہوا ہے۔تقریب کےاختتام پر مہمان خصوصی اور یاتریوں کو تحائف پیش کیے گئے۔ اور بعد ازاں یا تریوں کو سخت سکیورٹی کے حصار میں لا ہور روانہ کیا گیا۔