لاہور۔14اپریل (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بیساکھی پنجاب کی منفرد ثقافت کی پہچان ہے ڈھول کی تھاپ پر درانتی سے گندم کی سنہری فصل کاٹ کر بیساکھی کاآغاز ہوتا ہے تو خوشیاں ہر سو پھیل جاتی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے بیساکھی پر اپنے پیغام میں کہا کہ بیساکھی خوشیوں سے مہکتا تہوار ہے،سب بہن بھائیوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں -پنجاب میں بیساکھی منانے کیلئے آنے والے سکھ بہن بھائیوں کو جی آیاں نوں کہتی ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے پاکستانی پھر ٹھیٹھ پنجابی ہوں، پنجاب دل میں بستا ہے۔ میرے پنجاب کا ہر فرد بیساکھی کی خوشی میں برابر کا شامل ہے -پنجابی تہواربیساکھی کو سرکاری طور پر باقاعدہ منانے کا آغاز کررہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ دنیا بھر سے آنے والی سکھ برادری کے لیے حسن ابدال، ننکانہ صاحب کرتار پور اور لاہور میں بیساکھی کی خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیاہے ۔دعا ہے کہ اللہ تعالی ٰبیساکھی کی خوشیوں کو سدا قائم رکھے -پنجاب میں سکھ یاتریوں کو مذہبی اور ثقافتی سیا حت کے لئے بہترین ماحول اور سہولتیں دے رہے ہیں ۔