ملتان۔ 19 جنوری (اے پی پی):قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ بیسٹ بننے کیلئے ہمیں خود کو مزید بہتر کرنا ہوگا،خامیاں ہر شعبے میں ہوتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتورا کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں کامیابی کے بعد ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شان مسعود نے کہا ہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز ملتان کی پچ پر بیٹنگ کرنا مشکل تھا تاہم محمد رضوان اور سعود شکیل کی شراکت داری اہم تھی۔
انہوں نے کہا کہ خامیاں ہر شعبے میں ہوتی ہیں،مشکل حالات میں پچ پر وقت گزارنا اہم کام ہےتاہم کوشش ہوتی ہے اپنی ذمہ داری پر توجہ مرکوز ہو۔شان مسعود نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں ہم نے بہت سی چیزوں کو نوٹ کیا ہے،اگلے میچ میں خامیوں کو بہتر کر کے میدان میں مزید بہتر پرفارمنس دینے کی ہر ممکن کوشش کریں ہے۔
انہوں نے کہا یہ ایک ٹیم گیم ہے،ایک شعبے کو دوسرے شعبے کے لیے قربانیاں دینا پڑتی ہیں،جیت میں کردار سب کا ہے،پرسنل اچیومنٹ اہم نہیں ہے ٹیم کی جیت اور شاندار کارکردگی ضروری ہے۔قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ اگلے دس ماہ بہت اہم ہیں،ہمیں پلئیرز بنانے ہونگے،دیکھنے والوں کو بھی اپنے انداز میں لچک کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ 20 وکٹیں لئے بغیر نہیں جیت سکتے،ہمارے باولرز کی تعریف کرنی پڑے گی جنہوں نے ہمیں 20 وکٹیں لیکر دیں،فلیٹ پچز پر بیس وکٹیں لینا مشکل ہوتا ہے۔
شان مسعود نے کہا کہ ساجدخان ،نعمان علی اور ابرار احمد نے شاندار باؤلنگ کی ،ابرار احمد نے اہم وقت پر بریک تھرو دیا۔دوسرے میچ میں پچ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پچ کے بارے میں کچھ فیصلہ نہیں کرسکتا،ہم نے بس اتنے رنز کرنے ہیں جتنے اس پچ کی ضرورت ہو،ہم ڈومیسٹک میں ایسی پچز پر نہیں کھیلتے، ہمیں وہی فارمولا اپنانا ہوگا جو دوسری ٹیمیں اپناتی ہیں ،ہم نے اپنی ہوم کرکٹ کو مضبوط کرنا ہے۔شان مسعود نے کہا کہ ہم ٹیسٹ کرکٹ کو بہت انجوائے کرتے ہیں،فیلڈ میں جب تک آپ انجوائے نہیں کریں گے تب تک ٹیسٹ کرکٹ لمبی لگے گی،کرکٹ کو ہر کوئی اپنے انداز میں لیتا ہے۔
خود پر تنقید کے حوالہ سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوشش ہوتی ہے بس اپنی ذمہ داری پر فوکس رکھوں،تنقید کو مثبت لیتا ہوں۔ قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ جسکی جہاں ضرورت ہوگی اسے ہم وہاں کھلائیں گے۔ علاوہ ازیں ویسٹ انڈیز ٹیم کے کپتان کریگ براتھ ویٹ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم دوسرے ٹیسٹ میچ میں کم بیک کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے میچ میں بال بہت سپن ہورہی تھی،پچ بہت مشکل تھی،میرے خیال میں پہلی اننگز میں ہم مزید بہتر باؤلنگ کرسکتے تھے،پاکستان نے بھی دوسری اننگز میں اچھی بیٹنگ نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں جومل وریکن نے بہت اچھی باؤلنگ کی، امید ہے جومل وریکن دوسرے ٹیسٹ میں مزید اچھی باؤلنگ کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملتان کے شائقین کرکٹ نے ہمیں بھی سپورٹ کیا،شائقین کرکٹ کی سپورٹ دیکھ کر اچھا لگا ہے۔