اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):بیسٹ وے سیمنٹ فاروقیہ ، خیبر پختونخوا پلانٹ پر 14.3 میگاواٹ کیپٹو سولر پاور پلانٹ لگائے گی۔ اس حوالہ سے بیسٹ وے سیمنٹ ای اون انرجی لمیٹڈ کے مابین معاہدہ کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔ بیسٹ وے سیمنٹ کے حکام کے مطابق کمپنی فاروقیہ ، چکوال، کلر کہار اور حطار میں واقع اپنے چار سیمنٹ پلانٹس پر 50 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے لئے سول فوٹو وولٹیک پاور پلانٹس لگا رہی ہے اور فاروقیہ میں سولر پاور پلانٹ کی تنصیب اسی منصوبہ کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ فاروقیہ خیبر پختونخوا میں لگائے جانے والے سولر پی وی پراجیکٹ کی مدد سے سالانہ 78 ہزار 385 میگاواٹ/گھنٹہ بجلی کی پیداوار متوقع ہے۔ یہ توانائی بیسٹ وے سیمنٹ کے پلانٹس پر استعمال کی جائےگی جس سے توانائی کی مد میں کمپنی کے اخراجات میں نمایاں بچت کی جا سکے گی جبکہ بجلی کے حصول کے لئے نیشنل گرڈ پر انحصار بھی کم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ شمسی توانائی کی مدد سے پیدا کی جانے والی شفاف توانائی سے منصوبہ کی عمر کے دوران سی او ٹو گیسز کے اخراج میں بھی ایک ملین ٹن کمی واقع ہو گی جو تقریباً 2.1 ملین درختوں کی شجر کاری کے مساوی ہے۔