بیلاروس کے سفیر آندری ایرمولوچ کا چراٹ سیمنٹ فیکٹری میں تقریب سے خطاب

176
APP60-26 CHERAT: March 26 - Ambassador of Belarus Andrei Ermolovich addressing during the commissioning of First Mining Truck by Belaz in Pakistan at Cherat Cement Factory during a ceremony. APP Photo by Saleem Rana

اسلام آباد ۔ 26 مارچ (اے پی پی) پاکستان میں بیلاروس کے سفیر آندری ایرمولوچ نے کہاہے کہ موجودہ حکومت دو طرفہ تجارتی تعلقات پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،زراعت، سائنس اور فارما سیوٹیکل سمیت متعدد شعبوں میں کام ہو رہا ہے، دنیا کی سب سے مشہور کمپنی بیلاز نے پاکستان میں کان کنی کے شعبے میں استعمال ہونے والی ہیوی مشینری لانچ کر دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کوچراٹ سیمنٹ فیکٹری میں بیلاز کی طرف سے ہیوی مشینری کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پاکستانی حکومت بیلاروس کے ساتھ دو طرفہ تجارتی تعلقات پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،زراعت، سائنس اور فارما سیوٹیکل سمیت متعدد شعبوں میں کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیلا روس کے صدرنے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو اپنے ملک کے دورے کی دعوت دی ہے اور امید کی ہے کہ اس سال کے آخر تک وہ بیلاروس جائیں گے جس سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوںگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بیلا روس کے ٹریکٹر بہت مشہور ہیں،دونوں ممالک کے درمیان زراعت سمیت دیگر شعبوں میں تجارت کے و سیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بیلاروس کا بیلاز کمپنی کا ڈمپ ٹرک پاکستان کی سیمنٹ اور مائننگ کی صنعت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، یہ ٹرک 45 ٹن سامان لوڈ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور یہ یہاں پہلے سے موجود ڈمپ ٹرکوں میں سب سے بڑا ہے۔ اس موقع پر غلام فاروق گروپ کے ڈائریکٹر شہریار فاروق، گریو پاکستان کے سی ای او عامر رضا اور بیلازکے ڈپٹی ڈائریکٹرمینجمنٹ ویسلی شوستاک بھی موجود تھے۔اس موقع پر گریو پاکستان کے سی ای او عامر رضا نے کہا کہ پاکستان میں بیلاز کمپنی کی ہیوی مشینری کو گریوز کمپنی لانچ کررہی ہے، اس سے ملک میں مائننگ کے شعبے میں جدت آئے گی اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس یہ مشینری ملک بھر میں مائننگ کے شعبے میں دیگر کمپنیوں کو بھی فراہم کی جائے گی۔