
اسلام آباد ۔ 5 دسمبر (اے پی پی) پاک ۔ بیلا روس سفارتی تعلقات کی 25ویں سالگرہ کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے بیلاروس اسلام آباد میں متعدد تقریبات منعقد کرنے کا منصوبہ مرتب کر رہا ہے۔ یہ بات پاکستان میں بیلاروس کے سفیر اینڈرائی ارمولویچ نے بدھ کو قومی خبر رساں ادارہ (اے پی پی) کے صدر دفتر کے دورہ کے دوران کہی۔ بیلاروس کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس فروری 2019ءمیں باہمی تعلقات کی 25ویں سالگرہ پر دوطرفہ تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیلاروس کی حکومت نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید تقویت دینے کیلئے نئے مواقع کی تلاش میں آئندہ سالگرہ تقریبات کے حوالہ سے اپنے اعلیٰ سطح کے نمائندوں کے پاکستان کے کئی دورے ترتیب دے رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیلاروس کے نائب وزیر خارجہ اور وزیر صنعت الگ الگ پاکستان کا دورہ کریں گے جس کیلئے تاریخوں کا تعین کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیلاروس کے پولیٹیکل سائنٹسٹس کا وفد بھی سنٹر فار گلوبل اینڈ سٹرٹیجک سٹڈیز کی معاونت سے فروری میں اسلام آباد میں ایک کانفرنس کا انعقاد کرے گا جبکہ بیلاروس کا سفارتخانہ اسلام آباد میں تصاویری نمائش کا اہتمام کرے گا جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو اجاگر کرنا ہے۔ اے پی پی کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد قمر اﷲ چوہدری کے ساتھ ملاقات میں ”اے پی پی“ اور بیلاروس کے خبر رساں ادارہ ”بیلٹا“ کے درمیان خبروں کے تبادلے کے شعبہ میں تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ اے پی پی کے ایم ڈی نے بیلاروس کے سفیر کو تقریباً 35 عالمی خبر رساں اداروں کے ساتھ خبروں کے تبادلے کے شعبہ میں تعاون کے بارے میں آگاہ کیا جس کا مقصد پاکستان کے بارے میں مستند خبروں اور مثبت تشخص کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ نیوز پورٹل اقدام ”اے پی پی گلوبل“ پاکستان کے اولین خبر رساں ادارے اور دیگر خبر رساں اداروں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر رہا ہے اور اسے متعلقہ ممالک کے عوام کو قریب لاتے ہوئے جزوی طور پر ایک سفارتی ذریعہ تصور کیا جا سکتا ہے۔ ڈائریکٹر نیوز شفیق احمد قریشی، ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی غواث خان اور ڈائریکٹر اکنامک نیوز سروس بلال تھہیم بھی ملاقات میں موجود تھے۔