اسلام آباد۔25مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر بیلاروس کے وزیر خارجہ سرگئی ایلینک 30 اور 31مئی کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے جمعرات کو پریس بریفنگ میں کہا کہ دونوں وزرائے خارجہ دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیں گے اور سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے سمیت دوطرفہ دلچسپی کے متعدد امور پر بات چیت کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ وزیر خارجہ نے گزشتہ سال نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے موقع پر بیلاروسی ہم منصب سے ملاقات کی تھی۔