بیلجئم ، وزیر اعظم کے دفتر کے باہر سے چاقو بردار شخص گرفتار

124
بیلجئم ، وزیر اعظم کے دفتر کے باہر سے چاقو بردار شخص گرفتار

برسلز۔7جنوری (اے پی پی):بیلجئم کے دارالحکومت برسلز میں وزیر اعظم کے دفتر کے باہر ایک چاقو بردارشخص کو سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کے ساتھ تصادم کے بعد گرفتار کر لیا گیا ،اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا ۔العربیہ اردو کے مطابق برسلز پولیس نے بتایاکہ یہ واقعہ صبح10بجے کے قریب پیش آیا ہے۔

پولیس نے فوری طور پر زیر حراست لیے گئے شخص سے تفتیش اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔حکام کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ جب یہ واقعہ پیش آیا تو وزیر اعظم الیگزینڈر ڈی کرو دفتر کے احاطے میں موجود نہیں تھے۔ بعد ازاں وزیر اعظم نےایکس پر لکھا کہ فوج اور پولیس افسران کی اس واقعے کے سلسلے میں کارکردگی کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نےلکھا کہ مجھے بہت اطمینان ہے کہ اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا،ہم پولیس کے ساتھ مل کر صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

پولیس نے ابھی یہ بھی نہیں بتایا ہے کہ اس چاقو بردار شخص کا وزیر اعظم الیگزر ڈی کرو کے دفتر میں گھسنے کی کوشش کا مقصد کیا تھا۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم الیگزنڈر ڈی کرو 2020 سے حکومت میں ہیں، ترجمان کے مطابق انہیں اس واقعے سے بہت صدمہ پہنچا ۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے دفتر کے قریب سے یورپی یونین کے بہت سے دفاتر کی طرف راستہ جاتا ہے اور یہ برسلز کا بڑا اہم علاقہ ہے۔ علاوہ ازیں بیلجئم کی حکومت کے بھی کئی دفاتر اس جگہ سے جڑے ہوئے ہیں، پالیسی سازی سے متعلق دفاتر کے علاوہ کئی وزرا کے دفاتر بھی وزیراعظم کے دفتر سے متصل ہیں۔