دبئی، برسلز ۔4دسمبر (اے پی پی):بیلجیئم کے مشہور اور بین الاقوامی سطح پر منشیات کے سمگلر کو دبئی سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔العربیہ کے مطابق یہ اطلاع محکمہ انصاف سے متعلق ایک ذریعے نے دی ہے ۔ اب بیلجئم کے مطالبے پر اس منشیات سمگلر کو اس کے حوالے کیا جا سکتا ہے۔اس سمگلر کا نام ایل بیلوطی بتایا گیا ہے۔ اس کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ بیلجیئم میں منشیات کے ایک بڑے سمگلنگ کرنے والی گینگ کو چلاتا ہے۔اس مقصد کے لیے بیلجیئم کی اینٹورپ بندرگاہ کو منشیات کی سمگلنگ کے لیے استعمال کرتا ہے۔ واضح رہے یہ بندر گاہ یورپ میں منشیات فراہمی کے لیے ایک گیٹ وے کا کام کرتی ہے۔
یورپ میں منشیات کی لت کی کئی اقسام ہیں ۔ مختلف یورپی ملکوں میں منشیات کے لیے قوانین بھی الگ الگ ہیں۔ اس لیے منشیات کے سمگلر اس سے خوب فائدہ اٹھانے کی کوشش میں رہتے ہیں۔اس بڑی گرفتاری کے بعد بیلجیئم کے ایک اہم ذریعے نے کہا اب ہم کوشش کریں گے کہ اس کی حوالگی کا مطالبہ کریں ۔ بیلجیئم اور امارات کے درمیان مجرمان حوالگی کا معاہدہ 2021 میں طے پایا تھا۔بیلجیئم میں ایسے کئی افراد کے خلاف مقدمے ہیں جن کی حوالگی کا وہ مطالبہ کر سکتا ہے۔
ایل بلوطی کو بیلجیئم میں منشیات کی انڈر ورلڈ کا بڑا نام سمجھا جاتا ہے۔ پچھلے سال اس کی ایک گیارہ سالہ بھتیجی کو بیلجیئم کی بندر گاہ پر قتل کر دیا گیا تھا۔اس گرفتار کیے گئے منشیات سمگلر کو پچھلے سال امریکی وزارت خزانہ نے پابندیوں کی زد میں لے لیا تھا۔ اس پر امریکہ کی طرف سے الزام ہے کہ وہ منشیات کے دھندے کے علاوہ منی لانڈرنگ میں بھی ملوث ہے۔ اس کے چھوٹے بھائی اور ایک سمگلر ساتھی پر بھی امریکہ نے پابندیاں لگائی تھیں۔